وفاقی کابینہ نے پٹرول اور ڈیزل پر ڈیلرز مارجن بڑھانے کی منظوری دے دی ہے جس کے بعد اب ڈیلرز کا مارجن 7 روپے فی لیٹر ہوگا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پٹرول اور ڈیزل پر ڈیلرز مارجن بڑھانے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ وفاقی کابینہ نے سرکولیشن کے ذریعے ڈیلرز مارجن میں اضافے کی سمری منظوری کی ہے جس کے بعد اب ڈیلرز کا مارجن 7 روپے فی لیٹر ہوگا۔
اس حوالے سے ذرائع نے بتایا ہے کہ ڈیزل پر ڈیلرز کے نفع میں 2 روپے 87 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے اور فی لیٹر ڈیلر مارجن 4.13 روپے سے بڑھا کر 7 روپے کردیا گیا ہے۔
اسی طرح پٹرول پر ڈیلرز کا منافع 2 روپے 10 پیسے فی لیٹر بڑھا دیا گیا ہے اور فی لیٹر ڈیلر مارجن 4.90 سے بڑھا کر 7 روپے کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے ڈیلرز مارجن 6 فیصد نہ کرنے پر رواں ماہ 18 جولائی کو ملک بھر میں ہڑتال کا اعلان کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: پٹرولیم ڈیلرز کا ملک گیر ہڑتال کا اعلان
بعد ازاں حکومت سے کامیاب مذاکرات کے بعد پٹرولیم ڈیلرز نے اپنی ہڑتال کی کال واپس لینے کا اعلان کیا تھا۔