کراچی: سندھ کے دارالحکومت سمیت مختلف علاقوں میں موسم سرما سے قبل گیس کی قلت شروع ہوگئی، جس پر صوبائی حکومت نے وفاق کو موردِ الزام ٹھہرا دیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے گیس بندش اور کم پریشر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’سندھ حکومت موسم سرما کے لئے گیس کی قلت پر وفاق کو متعدد بار خبردار کر چکی ہے’۔
انہوں نے کہا کہ ’وفاقی حکومت نے نہ تو ایل این جی کا بندوبست کیا اور نہ ہی ہماری کسی بات پر سنجیدگی سے غور کیا، جس کی وجہ سے اب سندھ کے شہری علاقوں میں گیس کی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے‘۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ’گیس کی عدم فراہمی کی وجہ سے کئی صنعتیں اور سی این جی اسٹیشنز بند ہوچکے ہیں، جس کی وجہ سے لاکھوں افراد بے روزگار ہوئے‘۔
مزید پڑھیں: فیکٹ چیک: دن میں صرف تین وقت گیس کی فراہمی سے متعلق حقیقت جانیے
انہوں نے بتایا کہ رہائشی علاقوں میں گیس کا پریشر بہت کم ہے، ڈیفنس اور کلفٹن جیسے پوش علاقوں میں چولہے ٹھنڈے ہو چکے ہیں، صبح اسکول جانے والے بچوں اور اہل خانہ کو گیس کی وجہ سے سخت ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
امتیاز شیخ نے کہا کہ سندھ میں ابھی تک صحیح معنوں میں سردی شروع بھی نہیں ہوئی، اُس کے باوجود گیس کی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ پہلے ہی شروع کر دیا گیا ہے۔
The put up سندھ کے شہری علاقوں میں گیس بندش، صوبائی حکومت نے ہاتھ کھڑے کردیے appeared first on ARYNews.television | Urdu – Har Lamha Bakhabar.