پانی یہ کہہ رہا ہے ، علمدار کے لیے

رونق حیات

پانی یہ کہہ رہا ہے ، علمدار کے لیے

اک فتحِ جاوداں ہے ، وفادار کے لیے

دیکھو کہ جاں لٹا کے گھرانہ رسولؐ کا

لایا ہے صبح ، رات کے آثار کے لیے

ہر دن ، وغا کا دن ہے ، سرِ مقتلِ وفا

ہر شب ، شبِ عزا ہے ، عزادار کے لیے

یہ بے گھروں پہ خاک اڑاتی ہوئی ہوا

ماتم کناں ہے ، ہر در و دیوار کے لیے

سوچو تو دل پہ ٹوٹنے لگتا ہے ، کوہِ غم

کیا سختیاں تھیں ، عابدِؓ بیمار کے لیے

اے ارضِ کربلا ، مری آنکھوں کے یہ چراغ

بجھ بجھ کے جل اٹھے ، ترے دیدار کے لیے

دستِ صبا سے کہیو کہ لائے دمشق سے

زینبؓ کی خاکِ پا ، مری دستار کے لیے

میں عزتِ رسولؐ کی ، سیرت کی روشنی

لے کر چلا ہوں ، دشتِ شبِ تار کے لیے

آئے اگر نجف سے ، مہکتی ہوئی ہوا

بھیجوں سلام ، حیدرِؓ کرار کے لیے

رونق ، خطابِ زینبِؓ کبریٰ ، خدا گواہ

تھا ضربِ حق ، یزید کے دربار کے لیے

کوثر نقوی

صرف تیری داستاں میں ، بات یہ پائی ، حسینؓ

تازگی بڑھتی گئی ، یہ جتنی دُہرائی ، حسینؓ

تیرے ہی در پر ، جبیں سائی فرشتوں نے بھی کی

تیرے ہی در پر کریں گے ہم جبیں سائی ، حسینؓ

صرف دھڑکن کے سبب ، میں دل کو دل ، کہتا نہ تھا

دل کو دل کہنے لگا ، جب تیری یاد آئی ، حسینؓ

یا علیؓ ہیں یا حسنؓ یا تُوؓ نبیؐ کے دوش پر

تاحدِ امکان آخر ، ہے یہ اُونچائی ، حسینؓ

سن کے اکبرؓ ​​کی اذاں ، اُس نے حقیقت دیکھ لی

اس اذاں نے بخشی دی ہے ، حُر کو بینائی ، حسینؓ

نوکِ نیزہ پر تلاوت ، عقل کیوں حیراں نہ ہو

حلق کٹ کر بھی ہے باقی ، روزِ گویائی ، حسینؓ

جیسے جیسے ، تشنگی کی ہوتی ہے مدت طویل

بڑھتی جاتی ہے ، ترے پھولوں کی رعنائی ، حسینؓ

روزِ محشر اس کی بخشش کا وسیلہ بن گئی

تیری ہی اُلفت ، وہاں کوثر کے کام آئی ، حسینؓ

صفدر صدیق رضی

حسینؓ ، آپ کا کردار یاد آتا ہے

کبھی کبھی نہیں ، سو بار یاد آتا ہے

زمین پر کوئی بے وجہ قتل ہو کہ شہید

حسینؓ ، آپ کا ایثار یاد آتا ہے

میں جب بھی اپنی شفا کی ، دعائیں کرتا ہوں

ہمیشہ عابدِؓ بیمار ، یاد آتا ہے

کبھی کبھی جو میں اپنے دکھوں پہ روتا ہوں

مجھے اک ایک عزادار ، یاد آتا ہے

وہ شیر خوار کا سینہ ، وہ تابکار کا تیر

مجھے شہید کا معیار ، یاد آتا ہے

اٹا ہوا ہوں بہت گردِ مصلحت سے رضی

حسینؓ ، آپ کا انکار یاد آتا ہے



About admin

Check Also

شہیدِ منبرومحراب سیدناعمربن خطاب رضی اللہ عنہ

محمد عبدالمتعالی نعمان امیر المومنین, خلیفہ دوم, مراد پیمبر, عشرۂ مبشرہ کے بزم فاروق اعظم, …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *